Thursday, April 25, 2024

افغانستان میں ہولناک زلزلے سے اموات پندرہ سو سے بڑھ گئیں

افغانستان میں ہولناک زلزلے سے اموات پندرہ سو سے بڑھ گئیں
June 23, 2022 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) - افغانستان میں ہولناک زلزلے سے اموات پندرہ سو سے بڑھ گئیں۔ دو ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

افغانستان میں 20 سال کے بدترین زلزلے سے ہرطرف تباہی مچ گئی۔ جہاں کبھی زندگی تھی اب ملبے کے ڈھیر نظر آتے ہیں۔ صوبہ خوست، پکتیکا، لوگر اور دیگر علاقوں میں  زلزلے سے سینکڑوں گھر تباہ ہو گئے۔ ہر گھر سے جنازہ نکلنے لگا۔

دشوار گزار راستوں کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بہت سے علاقوں میں اب تک امداد نہیں پہنچ سکی۔ تباہ حال مکانوں کے ملبے سے لاشیں اور زخمی ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد ڈیڑھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں۔

زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جار ہا ہے تاہم وہاں سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی اجتماعی تدفین کی جارہی ہے۔ ترجمان افغان حکومت   کا کہنا ہے کہ حالیہ زلزلے میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ   لگا پانا  مشکل ہے، ہلاکتیں کہیں زیادہ ہو سکتی ہیں۔