کولمبو (92 نیوز) - پاک افغان سیریز میں شرکت کیلئے قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے شہر کولمبو پہنچ گئی۔
قومی کرکٹ ٹیم اسکواڈ لاہور ایئر پورٹ سے کولمبو کے لیے روانہ ہوا، ٹیم بذریعہ بس ہمبنٹوٹا پہنچے گی، کپتان بابر اعظم سمیت لنکا لیگ کھیلنے والے کھلاڑی ہمبنٹوٹا میں سکواڈ جوائن کریں گے۔ کھلاڑی کل آرام کریں گے اور 19 اگست سے ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔
افغانستان کے خلاف سیریز کا پہلا ون ڈے 22 اگست کو ہمبنٹوٹا، دوسرا میچ 24 اگست کو ہمبنٹوٹا میں ہی کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا ون ڈے میچ 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
تینوں ون ڈے میچ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے شروع ہوں گے، قومی سکواڈ 27 اگست کو واپس پاکستان کے لئے روانہ ہوگا۔