Friday, April 26, 2024

افغانستان سے دہشت گردوں کا حملہ، فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجی جوان شہید

افغانستان سے دہشت گردوں کا حملہ، فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجی جوان شہید
September 13, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - افغانستان سے دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجی جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم کے علاقے خرلاچی میں بین الاقوامی سرحد کے اس پار افغانستان کے اندر سے دہشتگردوں نے پاکستانی جوانوں پر فائرنگ کی۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران کرک کے 32 سالہ نائیک محمد رحمان، جمرود، خیبر کے 34 سالہ نائیک معاویز خان اور مالاکنڈ کے 27 سالہ سپاہی عرفان اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان مخالف کارروائیوں کے لئے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کو روکے گی۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے اور وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم ہے۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔