Monday, June 27, 2022

افغانستان میں طالبان کا کوئی متبادل نہیں، وزیراعظم عمران خان

افغانستان میں طالبان کا کوئی متبادل نہیں، وزیراعظم عمران خان
February 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ افغانستان میں طالبان کا کوئی متبادل نہیں، دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ سے دنیا بھر میں دہشت گردی بڑھی۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر دنیا پر واضح کردیا۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے معروف اینکر فرید زکریا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے افغانستان اور کشمیر سمیت تمام حل طلب معاملات پر ریاستی موقف بیان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا جب تک کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

 

افغان مسئلے پربات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ۔ افغانستان میں طالبان کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ واحد متبادل یہی ہے کہ ان کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ نے مزید دہشت گرد پیدا کیے ۔اس جنگ کے نتیجے میں 80 ہزار پاکستانی شہید ہوئے۔

چین سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مغربی میڈیا میں چین کا صحیح تصور پیش نہیں کیا جاتا، مغربی میڈیا چین میں مسلمانوں پر سختیوں کی تصویر کشی کرتا ہے۔۔ہم نے اپنے سفیر کو سنکیانگ بھیجا۔ ان کے مطابق وہاں صورتحال ویسی نہیں جو بتائی جا رہی ہے۔