Sunday, September 8, 2024

افغان صوبوں بادغیس اور قادس میں زلزلہ، 27 افراد جاں بحق

افغان صوبوں بادغیس اور قادس میں زلزلہ، 27 افراد جاں بحق
January 18, 2022 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) افغانستان کے مغربی صوبے بادغیس اور قادس میں زلزلے سے27 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

افغان حکام کے مطابق، دوپہر کے وقت ترکمانستان کی سرحد سے متصل مغربی صوبے بادغیس کو 5.6 شدت کے زلزلے نے ہلا کر رکھ دیا۔

بادغیس کی صوبائی انتظامیہ کے انفارمیشن اینڈ کلچر کے ڈائریکٹر باز محمد سروری نے کہا، بدقسمتی سے ہماری ابتدائی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ خواتین اور بچوں سمیت 22 افراد ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہوئے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

وزارت برائے ہنگامی اُمور کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے سربراہ ملا جانان صاعقے نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 700 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

بادغیس کے دارالحکومت کے مرکزی ہسپتال کے نرسنگ یونٹ کے سربراہ سانولہ 8 ایچ سبیت نے بتایا کہ انہیں زلزلے میں زخمی ہونے والے پانچ مریض ملے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں اور فریکچر ہیں۔

یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر کے مطابق، زلزلہ کی شدت 5.6 تھی، 30 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

افغان حکام کے مطابق کابل سمیت 17 صوبوں میں برف باری اور بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔ مزار شریف ہائی وے شدید برف باری کے باعث بند کر دی گئی۔ 900 سال قدیم مینار جام غور بھی بارش اور برف باری کے باعث متاثر ہوا۔