Wednesday, April 24, 2024

عدم اعتماد کے ارمان اپوزیشن کے دل میں رہ گئے، عثمان بزدار

عدم اعتماد کے ارمان اپوزیشن کے دل میں رہ گئے، عثمان بزدار
February 15, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہتے ہیں کہ عدم اعتماد کے ارمان اپوزیشن کے دل میں رہ گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے رکن پنجاب اسمبلی خرم خان لغاری کی ملاقات ہوئی، سابق ایم پی اے سردار چنوں خان لغاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خرم لغاری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کردیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار بولے کہ عدم اعتماد کے ارمان اپوزیشن کے دل میں رہ گئے۔ اپوزیشن کو اس ہزیمت پر منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی رٹ لگانے والے اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ اپوزیشن کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، اپوزیشن جو مرضی کرلے حکومت مدت پوری کرے گی۔

عثمان بزدار نے کہا اپوزیشن کی قسمت میں صرف رونا لکھا ہے اور یہ آئندہ بھی روتے رہیں گے۔ اپوزیشن کے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے۔ کسی کو عوامی خدمت کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ ترقی ہر شہر کے عوام کا حق ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہر علاقے کی یکساں ترقی کیلئے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے۔ 360 ارب روپے کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج سے یکساں ترقی کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے۔