Saturday, July 27, 2024

اداروں کیخلاف بغاوت پر اُکسانے کا کیس، شہباز گل سمیت ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

اداروں کیخلاف بغاوت پر اُکسانے کا کیس، شہباز گل سمیت ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی
January 6, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں شہباز گل سمیت ملزموں پر ایک مرتبہ پھر فرد جرم عائد نہ کی جاسکی۔ عدالت نے 20 جنوری کی نئی تاریخ مقرر کردی۔

اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے سے متعلق کیس کی، سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ شہباز گل ایمبولینس میں کچہری پہنچے اور سانس کی تکلیف کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔ وکیل نے بتایا کہ شہبازگل کو ایمبولینس سے نہیں اتار سکتے، آکسیجن ماسک لگا ہوا ہے جس پر ایمبولینس میں ہی ان کی حاضری لگائی گئی۔

شریک ملزم عماد یوسف کی جانب سے حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی اور بتایا گیا کہ ملزم کو ملیریا ہو گیا جس پر جج نے ریمارکس دئیے کہ یہ معاملہ لٹک رہا ہے ایسا لگ رہا ٹائم آگے کیا جا رہا ہے، لگتا ہے باریاں لگی ہوئی ہیں۔

شہبازگِل ایمبولینس پر لاہور سے آگئے اور عماد یوسف کراچی سے نہیں آئے جس پر وکیل نے عماد یوسف کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کردی۔

عدالت نے شریک ملزم کے 50 ہزار مچلکوں کے عوض قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے اور فرد جرم عائد کیلئے 20 جنوری کی نئی تاریخ مقرر کردی۔