Thursday, March 28, 2024

معروف اداکار اور کامیڈین اسماعیل تارا کی کراچی میں تدفین کردی گئی

معروف اداکار اور کامیڈین اسماعیل تارا کی کراچی میں تدفین کردی گئی
November 25, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - ڈائیلاگ جاندار، اداکاری جاندار، فلم، ٹی وی اور اسٹیج کے نامور اداکار اسماعیل تارا 73 برس کی عمر میں مداحوں کو سوگوار کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

80 کی دہائی میں کیرئیر کا آغاز کرنیوالے اسماعیل تارا کو پی ٹی وی کے شو ففٹی ففٹی سے شہرت ملی جس میں ان کی جاندار اداکاری نے ہر طرف ڈنکا بجا دیا۔

اسماعیل تارا کو ان کی شاندار مزاحیہ اداکاری پر پانچ مرتبہ نگار ایوارڈزسے نوازا گیا، ان کے مشہور ڈراموں میں ففٹی ففٹی ،چوکی نمبر چارسوبیس، ربر بینڈ اور یہ ہے زندگی شامل ہیں جبکہ فلموں میں ہاتھی میرے ساتھی،منڈا بگڑاجائے جوانی پھر نہیں آنی اور دیگر شامل ہیں۔

اسماعیل تارا گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور چار روز قبل انہیں کراچی کے نجی اسپتال میں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

اسماعیل تارا کو سیکڑوں سوگواران کی موجودگی میں کراچی کے علاقے حسن اسکوائر کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔