Wednesday, December 6, 2023

آبادی کے دباؤ سے شہر پھیلتے اور گرین ایریاز ختم ہوتے جا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان

آبادی کے دباؤ سے شہر پھیلتے اور گرین ایریاز ختم ہوتے جا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان
January 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے آبادی کے دباؤ سے شہر پھیلتے اور گرین ایریاز ختم ہوتے جا رہے ہیں۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی اور عالمی بینک میں معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کی بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت ہوئی ۔ انہوں نے ورلڈ بینک کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے معاہدے کو اہم قرار دے دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزارت موسمیاتی تبدیلی کی معاونت پر عالمی بینک کے شکرگزار ہیں۔ دنیا میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ پاکستان متاثرہوا جس میں ہمارا کوئی قصور نہیں۔ بیس پچیس سال پہلے ہی سننا شروع کر دیا تھا کہ موسم گرم ہورہا ہے۔ جن ملکوں کی وجہ سے گرمی بڑھ رہی تھی انہوں نے اس کا احساس ہی نہیں کیا۔ دنیا جانتی ہے اگر موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو تباہ کن اثرات نکلیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا شہروں کے باعث گرین ایریاز کا ختم ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ بروقت اقدامات نہ کئے تو موسمیاتی تبدیلی کے خطرناک اثرات سامنے آئیں گے۔ مینگروز کو بچانا بھی بہت ضروری ہے۔ ملک میں جنگلات کی شرح مقررہ تناسب سے کم ہے۔ ملک میں جنگلات کا تحفظ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ آج کے معاہدے کے مثبت اثرات آئیں گے جس پر ملک امین اسلم مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا میں گلیشئرز بہت تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ گرین ایریاز کی کمی شہروں میں فضائی آلودگی کی بڑی وجہ ہے۔ ہم نے اپنے دور میں 15 نئے نیشنل پارکس کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کی خوشی ہے کہ مینگروز بڑھ رہی ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت مختلف علاقوں میں بنجر اراضی پر جنگلات اگائے جا رہے ہیں۔