Friday, April 19, 2024

اب قوم کو آخری کال دوں گا، اسلام آباد کے چاروں طرف لوگ ہوں گے، عمران خان

اب قوم کو آخری کال دوں گا، اسلام آباد کے چاروں طرف لوگ ہوں گے، عمران خان
August 25, 2022 ویب ڈیسک

ہری پور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے اب قوم کو آخری کال دوں گا۔ اسلام آباد کے چاروں طرف لوگ ہوں گے۔

ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا دہشت گرد قرار دے دیا ہے تو گرفتار بھی کرلیں، چلو جیل ہی دیکھ لوں گا۔ ہماری حکومت ہٹا کر یہ امپورٹڈ حکومت مسلط کر دی گئی۔ ہم نے ان چوروں سے پاکستان کو آزاد کرنا ہے۔ یہ مجھے الیکشن سے تکنیکی طور پر آؤٹ کرنا چاہتے ہیں۔ اگر فوری الیکشن کا اعلان نہیں ہوا تو   قوم کو آخری کال دوں گا۔ پھر اسلام آباد کے چاروں طرف لوگ ہی لوگ ہوں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا روس گیا تو پوری کوشش تھی قوم کے لیے سستا تیل لاؤں۔ ہم چاہتے ہیں پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہی ہوں۔ ہمارے دور میں بجلی کا یونٹ16 روپے تھا، آج 38 روپے ہو گیا ہے۔

عمران خان نے کہا   زرداری، شہباز شریف اور اتحادیوں نے پیسہ چوری کیا۔ اب جو مرضی کر لیں حقیقی آزادی کی تحریک کو کوئی روک نہیں سکتا۔ نوجوان تو دور ہماری خواتین ہی ان کو شکست دے دیں گی۔ نیویارک میں 3ہزار سے کم لوگ دہشت گردی سے مرے۔ پاکستان میں 80ہزار لوگ دہشت گردی کی نذر ہو گئے۔