Sunday, September 8, 2024

اب پاکستان کی نئی حکومت کیساتھ قرض پروگرام پر بات ہوگی، آئی ایم ایف

اب پاکستان کی نئی حکومت کیساتھ قرض پروگرام پر بات ہوگی، آئی ایم ایف
April 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سیاسی اور آئینی بحران کے ساتھ ساتھ پاکستان کو معاشی میدان میں بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ اب پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ قرض کے پروگرام پر بات ہوگی۔

پاکستان میں معاشی بحران سر اٹھانے لگا، آئی ایم ایف نے کہا ہے نئی حکومت کے ساتھ قرض کے پروگرام میں شمولیت پر بات ہوگی۔ اب نئی حکومت سے ہی معاشی پالیسیوں پر بات چیت ہوگی۔ پاکستان کا قرض پروگرام معطل کرنے کا کوئی تصور نہیں آئی۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے رواں مالی سال تجارتی خسارے میں 70 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ رواں مالی سال جولائی سے مارچ تک تجارتی خسارہ 35 ارب 93 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔

مارچ کے دوران تجارتی خسارے میں 3 ارب 44 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا، مارچ کے دوران برآمدات 2 ارب 70 کروڑ ڈالر رہیں۔ اس عرصے میں درآمدات کا حجم 6 ارب 18 کروڑ ڈالر رہا۔ صرف مارچ میں گزشتہ سال کی نسبت تجارتی خسارہ 5.48 فیصد بڑھ گیا۔ فروری کے مقابلے میں مارچ 2022 میں برآمدات میں 2.84 فیصد کی کمی ہوئی۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مسلسل 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر ہیں، پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم رکھنے پر معاشی دباؤ بڑھ رہا ہے۔

تیل سپلائی کرنے والی نجی کمپنیوں کے سرکلر ڈیٹ میں بھی اضافہ ہورہا ہے دوسری جانب آنے والے دنوں میں تیل کی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے۔ نگران حکومت شاید پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنا بڑا ریلیف نہ دے سکے۔