Saturday, April 27, 2024

آزادی مارچ میں توڑپھوڑ، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 28 جون تک توسیع

آزادی مارچ میں توڑپھوڑ، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 28 جون تک توسیع
June 17, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - آزادی مارچ کے دوران توڑپھوڑ کے معاملے پر لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، یاسمین راشد سمیت دیگر رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 28 جون تک توسیع کر دی۔

شفقت محمود، ڈاکٹر یاسمین راشد ،جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، حماد اظہر اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما لاہور میں انسداد دہشتگری کی عدالت میں پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف تھانہ شاہدرہ اور گلبرگ میں مقدمات درج ہیں۔

عدالت نے 25 مئی کو لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، پولیس پر تشدد کرنے کے معاملے پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 28 جون تک توسیع کر دی۔  

عدالت کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا رانا ثناء اللہ  نے اوچھے ہتھکنڈے نہ چھوڑے تو پی ٹی آئی خواتین ان کے ظلم کے مقابلے کے لیے کافی ہیں۔

عندلیب عباس کا کہنا تھا پولیس نے نہتی عورتوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور الٹا انہی پر دہشت گردی کے مقدمات درج کرا دیئے۔