Saturday, July 27, 2024

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، حکومتی اور اپوزیشن ارکان گتھم گتھا

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، حکومتی اور اپوزیشن ارکان گتھم گتھا
October 3, 2022 ویب ڈیسک

مظفرآباد (92 نیوز) - آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں ہنگامہ آرائی ہوگئی، حکومتی اور اپوزیشن ارکان گتھم گتھا ہوگئے۔ 

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی طرف سے عوامی اجتماعات میں اپوزیشن لیڈر چودھری لطیف اکبر کے خلاف نازیبا الفاظ سے اپوزیشن جماعتوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلائے گئے اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر نے تحریک استحقاق جمع کرائی تو حکومتی اراکین نے شور شرابا شروع کر دیا۔

اپوزیشن ارکان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی باز گشت کے بعد وزیراعظم سردار تنویر الیاس کا رویہ تلخ ہوتا گیا اور انھوں نے اپوزیشن لیڈر پر زکواۃ فنڈ دے علاج اور کرپشن جیسے الزامات عائد کیے ۔ قائد حزب اختلاف چودھری لطیف اکبر کا کہنا تھا کہ ان پر زکوٰۃ فنڈز سے پیسے لینے کا الزام لگایا گیا اس کی تحقیقات کی جائیں۔ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس کل صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

راجہ فاروق حیدر خان پر حملے کے خلاف مشتعل مظاہرین نے سیکرٹریٹ کے گیٹ بند کر دیئے۔ اپوزیشن جماعتوں کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔