Tuesday, May 7, 2024

آزاد کشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کا عمل مکمل

آزاد کشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کا عمل مکمل
December 3, 2022 ویب ڈیسک

مظفرآباد (92 نیوز) – آزاد کشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ مجموعی طور پر الیکشن پُرامن رہے تاہم چند پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی بھی دیکھنے میں آئی۔

آزاد کشمیر میں پونچھ ڈویژن کے چار اضلاع باغ، راولا کوٹ، سدھنوتی اور حویلی میں پولنگ کا عمل شروع ہوا تو ووٹرز کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

باغ میں وارڈ نمبر 14 میں پولنگ کے دوران دو گروپس آپس میں لڑ پڑے۔ ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال اور پتھراؤ سے پولنگ کا عمل دو گھنٹے کے لیے روک دیا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لیا اور پولنگ کا عمل بحال کرا دیا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر نے بھی آبائی علاقے میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور میڈیا سے گفتگو میں بلدیاتی انتخابات کو لے کر شکوے شکایاتیں کرتے نظر آئے۔

پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع کی 88 یونین کونسلز، 4 ضلع کونسلز، 2 میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں اور 5 ٹاؤن کمیٹیوں کے کل 787 وارڈز سے 1820 آزاد اور 15 سیاسی پارٹیوں کے 2039 نامزد امیدواروں نے الیکشن میں حصہ لیا جن میں 8 خواتین بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرا مرحلے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، پنجاب پولیس کے بھی چار ہزار اہلکار تعینات کیے گئے۔