Friday, March 29, 2024

آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات، تحریک انصاف 33 نشستوں کیساتھ سرفہرست، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات، تحریک انصاف 33 نشستوں کیساتھ سرفہرست، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج
November 28, 2022 ویب ڈیسک

مظفر آباد (92 نیوز) - آزاد کشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف پہلے، پیپلزپارٹی دوسرے اور مسلم لیگ ن تیسرے نمبر پر ہے۔ 

آزاد کشمیر کے تین اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے اب تک کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف 33 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ پیپلز پارٹی 23، مسلم لیگ ن 10 اور 05 آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔

گڑھی دوپٹہ نوشہرہ میں دو گروپوں میں شدید لڑائی ہوئی۔ اشتعال میں ایک دوسرے کے گھروں کو آگ لگا دی گئی۔ جس کی وجہ سے کوئیک رسپانس فورس اور نفری موقعہ پر پہنچ گئی۔

مظفرآبادڈویژن کے 3 اضلاع نیلم، جہلم ویلی اور مظفرآباد میں ٹرن آؤٹ 60 فیصد رہا۔ لوگ سخت سردی کے باوجود ووٹ ڈالنے کے لئے گھروں سے نکل آئے۔ خواتین کی بڑی تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

مظفرآبادڈویژن کے 3 اضلاع نیلم، جہلم ویلی اور مظفرآباد میں 614 بلدیاتی نشستوں پر 2 ہزار 725 امید وار میدان میں اترے پی ٹی آئی کے 575، مسلم لیگ ن کے 465، پیپلز پارٹی کے 545، مسلم کانفرنس کے 113، تحریک لبیک کے67  اور جماعت اسلامی کے 46 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ 900 آزاد امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا۔