Saturday, April 20, 2024

آزاد خارجہ پالیسی بنانے پر عمران خان کیخلاف عالمی سطح پر سازشیں ہو رہی ہیں، مراد سعید

آزاد خارجہ پالیسی بنانے پر عمران خان کیخلاف عالمی سطح پر سازشیں ہو رہی ہیں، مراد سعید
March 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے آزاد خارجہ پالیسی بنانے پر عمران خان کیخلاف عالمی سطح پر سازشیں ہو رہی ہیں۔

عدم اعتماد سے قبل سیاسی پارہ ہائی ہو گیا۔ حکمران جماعت نے پریڈ گراؤنڈ جلسے سے سجائی جس میں خواتین سمیت بڑی تعداد میں کارکن شریک ہوئے۔ بینرز اور پارٹی پرچموں کی بہار آگئی۔ کارکن جوش و جذبے سے سرشار ہیں اور جلسے میں شرکت کیلئے ملک بھر سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے رش سے بچنے کیلئے جلد پہنچنے کی اپیل کی۔ پیغام میں کہا پاکستان کی تاریخ بنانے نکلے ہیں۔ یہ تحریک انصاف کی نہیں ملکی مستقبل کی جنگ ہے۔

مراد سعید نے پریڈ گراؤنڈ میں امربالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا آزاد خارجہ پالیسی بنانے پرعالمی سطح پر سازشیں ہو رہی ہیں۔ عمران خان نے ہر فورم پر ڈٹ کر پاکستان اور امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا۔ بیرونی طاقتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی۔ عمران خان نے کرپٹ ٹولے کو بے روزگار کر دیا۔ فرزند زرداری اپنے والد کی کرپشن کا جواب دے۔

شفقت محمود بولے کیا خریدوفروخت اور بندربانٹ جمہوریت ہے۔ کیا اپنے ارکان اسمبلی کی بولیاں لگانا جمہوریت ہے۔ ضمیروں کی بولیاں لگانا جمہوریت نہیں ہے۔ اپوزیشن کی جماعتوں نے پیسے بنانے کے لیے باریاں لگا رکھی تھیں۔ ساری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

علی زیدی نے کہا تحریک عدم اعتماد لانے کی چار چھ وجوہات ہیں۔ عمران خان نے کشمیر کو عالمی ایشو بنایا۔ عمران خان نے 9 ڈیمز بنائے اس لیے تحریک عدم اعتماد لارہےہیں۔ زرداری ٹولا سندھ کی زمینیں ہڑپ کر رہا ہے۔ زرداری ٹولے نے پورا سندھ تباہ کر دیا ۔ ایبسولوٹلی ناٹ وہی کہہ سکتا ہے جس کے اثاثے باہر نہیں ۔ عمران خان کی قیادت میں چوہے کا شکار کرکے دکھاؤں گا۔ چوہا مافیا کا نام ہے آصف زرداری۔

قاسم سوری نے کہا عمران خان کی آواز پر لبیک کہنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ عوام کے جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عمران خان نے جس طرح اسلاموفوبیا کا مقدمہ لڑا امت اسلامیہ کے لیے قابل فخرہے۔

فواد چودھری کا پریڈ گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا اقتدار کے آنے یا جانے کا عمران خان کو فرق نہیں پڑے گا۔ پی ٹی آئی کو ایوانی سازشوں سے کوئی دلچسپی نہیں۔ عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والے اسلام آباد میں چھپ کر بیٹھے ہیں۔ عمران خان اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے وزیر اعظم کو الیکشن کرانے کا مشورہ دے دیا، کہا دل کہتا ہے خان صاحب الیکشن کال کر ہی لو انہیں پتہ چل جائے کہ پاکستان کس کے ساتھ کھڑا ہے۔ جنگ عمران خان کی نہیں پاکستان کی ہے۔