Saturday, April 20, 2024

آئین پاکستان ہی سپریم، وزیراعظم عمران خان محب وطن ہیں، چودھری شجاعت

آئین پاکستان ہی سپریم، وزیراعظم عمران خان محب وطن ہیں، چودھری شجاعت
April 9, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کہتے ہیں آئین پاکستان ہی سپریم ہے، وزیراعظم عمران خان محب وطن ہیں، انہوں نے آئین و قانون کی پاسداری کا علم اٹھا رکھا ہے۔

ہفتہ کو صدر ق لیگ نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی سیاسی قیادت کی ذمہ داری بنتی ہے ہارس ٹریڈنگ کی سیاست کو ختم کرے۔ الیکشن کمیشن بھی اقدامات کرے شاید عدالتوں کو بھی یہ ذمہ داری لینی پڑے ورنہ یہ رجحان اتنا بڑھ جائے گا کہ ساری الیکشن اصلاحات دھری کی دھری رہ جائیں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر میں ہارس ٹریڈنگ کا بھی ذکر کیا ہے، وہ آرٹیکل 63 اے پر بالکل صحیح موقف رکھتے ہیں، لوٹا کریسی روکنے کے بھی اقدامات کیے جائیں، روپے کے لین دین کی جو روش شروع ہو چکی ہے یہ سب سے زیادہ خطرناک ہے۔ 

چودھری شجاعت بولے کہ اگر کوئی شخص کسی کا آلہ کار بن کر اربوں روپے لا کر ممبروں کو خریدنا شروع کر دے تو آدھے سے زیادہ ممبر خریدنے کا دعویٰ کر سکتا ہے، ایسے لوگ ملک کی خدمت کس منہ سے کر سکتے ہیں؟ اس وقت پاکستان کے سیاسی حالات ایسے بنائے جا رہے ہیں جیسے ملک میں کوئی آئین ہی نہیں ہے، حالانکہ میرے خیال میں ایسی کوئی بات نہیں۔ مزید کہا کہ سب سیاسی جماعتوں کو قانون کے مطابق لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا۔