Friday, April 19, 2024

وفاق پر چڑھائی کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے، رانا ثنا اللہ

وفاق پر چڑھائی کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے، رانا ثنا اللہ
November 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے وفاق پر چڑھائی کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔

پی ٹی آئی کے 26 نومبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے امن وامان سے متعلق وزارت داخلہ میں اہم اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ وزیرمملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو اور وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اجلاس میں شریک ہوئے۔ کے پی کے آئی جی پولیس معظم جاہ اور چیف سیکرٹری آن لائن شریک ہوئے۔ پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ اور قائم مقام ائئ جی ، آئی جی اسلام آباد و چیف کمشنر اسلام آباد اور سکیورٹی ایجنسیز کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے وفاق پر ممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ رانا ثناءاللہ نے کہا سیاسی جماعت کیطرف سے وفاق پر چڑھائی کےغیرقانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے ۔ وفاق اور اسکی اکائیاں مل کر کسی بھی غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں۔ چیف سیکریٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام یا منصوبے کا حصہ نہ بنے۔