اسلام آباد (92 نیوز) - آئی جی اسلام آباد پی ٹی آئی کی یقین دہانی پر سکیورٹی دینے پر تیار ہوگئے، اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کروا دی۔
آئی جی اسلام آباد کی رپورٹ میں پی ٹی آئی احتجاج کے حوالے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں سیاسی رہنماؤں کیلئے سکیورٹی خدشات اور اشتعال انگیز بیانات کا ذکر بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے ایک رہنماء نے وزیر داخلہ کو جان کی دھمکی بھی دی۔ ویڈیوز موجود ہیں جن میں کارکنوں کو غلیلیں بھی دی جارہی ہیں۔ شیخ رشید اور فیصل واوڈا کہہ چکے یہ خونی مارچ ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق عمران خان بھی تسلیم کر چکے ان کے کچھ لوگ مسلح ہیں۔ سپریم کورٹ واضح کر چکی اجتماع کی اجازت جمہوری حق کے طور پر دی جاتی ہے۔
احتجاج سے ڈپلومیٹک موومنٹ بھی بند ہو تی ہے۔ ائیرپورٹ تک جانے والے راستوں پر وفاقی ایجنسیز کو اختیار دیا جائے۔ عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی 25 مئی کو بھی اپنی یقین دہانی کی خلاف ورزی کر چکی ہے۔ علی امین گنڈاپور اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔
آئی جی اسلام آباد کا مؤقف ہے کہ پی ٹی آئی یقین دہانی کرائے تو سکیورٹی دینے کو تیار ہیں، کنٹینرز رکھنے کی بھی ضرورت نہیں۔