Friday, May 3, 2024

آئی ایم ایف سے اسی ماہ معاہدہ ہو جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف

آئی ایم ایف سے اسی ماہ معاہدہ ہو جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف
January 27, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے گرین لائن ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے اسی ماہ معاہدہ ہو جائے گا۔

وزیراعظم کہتے ہیں سعد رفیق اور ان کی ٹیم کو مبارکباد کہ انہوں نے گرین لائن ٹرین کو بحال کیا، چینی کمپنی کا بھی بہت شکریہ، اس سروس میں بڑی جدید سہولیات موجود ہیں۔

شہباز شریف مزید بولے ہمیں بہت مشکل حالات میں حکومت ملی، پاکستان میں آسمانی آفت آئی اور ہم مشکلات کا شکار ہوگئے۔ آئی ایم ایف سے اسی ماہ معاہدہ ہو جائے گا، بہت جلد مشکلات سے نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان دوراہے پر کھڑا ہے، ہم ایک ایک روپیہ بچا رہے ہیں، بہت مشکل حالات میں حکومت ملی، ہم ان مشکلات سے نکلیں گے۔ آج ریلوے کو باقی اداروں کی طرح مشکلات کا سامنا ہے، قوموں کی زندگی میں مشکلات آتی ہیں، قومیں مشکلات کا مقابلہ کرتی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ چینی حکومت ایم ایل ون پر یکسو ہے، کرپشن کے بےبنیاد الزامات لگائے جانے سے چینی کمپنیوں، عوام کو تکلیف ہوئی۔

وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا چند سال پہلے گرین لائن ٹرین سروس شروع کی تھی، حکومت جانے کے بعد سروس بھی بند ہوگئی، جدید بوگیاں پہلے ہی آجانی چاہئے تھیں مگر کسی نے توجہ نہیں دی۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار بولے ریلوے کی ترقی سے ملک ترقی کرتا ہے، گرین لائن سروس میں جہاز جیسی سہولیات ہیں۔