Thursday, April 25, 2024

آئی ایم ایف معاہدے میں تاخیر کی وجہ گردشی قرضے کی ادائیگی کی ٹائم لائن پر عدم اتفاق ہے، اسحاق ڈار

آئی ایم ایف معاہدے میں تاخیر کی وجہ گردشی قرضے کی ادائیگی کی ٹائم لائن پر عدم اتفاق ہے، اسحاق ڈار
March 16, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر کیوں ہورہی ہے،،، وزیر خزانہ نے بتا دیا، کہتے ہیں معاہدے میں تاخیر کی وجہ گردشی قرضے کی ادائیگی کی ٹائم لائن پر اتفاق نہ ہونا ہے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے معاہدے میں تاخیر کی اصل وجہ سامنے آگئی، گردشی قرض کی ادائیگی کی ٹائم لائن پر عدم اتفاق معاہدے کی راہ میں رکاوٹ بن گئی۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے جون تک 1200 ارب روپے کی ادائیگی کے سورس سے متعلق تفصیلات مانگی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف حکام اس تنازع کے حل کے بغیر معاہدے کی تاریخ دینے سے قاصر ہیں، یہی نہیں ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ پاور پروڈیوسرز کو بھاری ادائیگیاں کرنے کا معاملہ بھی پیچیدہ ہوگیا۔ ایک طرف تو حکومت بجلی کی پیداوار اور ترسیل میں فرق کے باعث مناسب فنڈز سے متعلق جواب نہیں دے پارہی، تو دوسری طرف پاور یونٹس کی فروخت کھٹائی میں پڑنے سے رقوم کی دستیابی مشکل ہوتی جارہی ہیں۔

دوسری طرف وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ چین سے مزید 50 کروڑ ڈالر کے حصول کیلئے دستاویزی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، اپنے ٹویٹ میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ چین سے فنڈز جلد اسٹیٹ بینک کو مل جائیں گے۔