Saturday, May 18, 2024

آئی ایم ایف کے پروگرام میں نہیں جاتے تو ڈیفالٹ کر جاتے، مفتاح اسماعیل

آئی ایم ایف کے پروگرام میں نہیں جاتے تو ڈیفالٹ کر جاتے، مفتاح اسماعیل
September 10, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے آئی ایم ایف کے پروگرام میں نہیں جاتے تو ڈیفالٹ کر جاتے۔

لاہور چیمبر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا چوبیس ارب ڈالر باہر دینے تھے۔ ملک کو چھتیس ارب ڈالر کی ضرورت تھی۔ حکومت سنبھالی تو دس ارب ڈالر کا زرمبادلہ تھا۔ اپریل میں تین ارب ڈالر ادائیگیوں میں مزید کم ہو گئے۔ بہت سے دوست حکومت لینے سے منع کر رہے تھے۔ ہم یہ نہیں کہیں گے ہمیں حالات کا علم نہیں تھا۔ ہمیں حکومت میں آنے سے پہلے ہی حالات کا علم تھا۔ اس لیے میں نے شہباز شریف سے کہہ دیا تھا ہمیں فوری پٹرول کی قیمتیں بڑھانا پڑیں گی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا چین اور بنگلہ دیش میں جب بجلی آئی تو انہوں نے اپنی ایکسپورٹ بڑھائی۔ پاکستان میں نوازشریف بجلی لائے تو ایکسپورٹ بڑھانے کی بجائے یہاں شادی ہال بن گئے۔ ہماری امپورٹ زیادہ نہیں اصل میں ہماری ایکسپورٹ بہت کم ہے۔

مفتاح اسماعیل خطاب کے دوران سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اپیل کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ صنعتکاروں سے مخاطب ہو کر بولے آپ کے بچوں کے کمروں میں صرف الیکٹرانکس کا سامان ہی پانچ لاکھ سے زیادہ کا ہو گا جبکہ حکومت سیلاب سے متاثرہ پورے خاندان کو 5 لاکھ دے رہی ہے۔ ایک وقت کی روٹی کو ترستے بچوں کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ غریب کے گھر پیدا ہوئے۔ ہم اور ہمارے بچے خوش نصیب ہیں کہ وہ سیٹھ کے گھر پیدا ہوئے۔