Saturday, April 20, 2024

آسٹریلین حکومت نے ایک بار پھر نواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کر دیا

آسٹریلین حکومت نے ایک بار پھر نواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کر دیا
January 14, 2022 ویب ڈیسک

میلبرن (92 نیوز) آسٹریلین حکومت نے ایک بار پھر سربین ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کر دیا۔

سربین ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کو ریلیف نہ مل سکا، عالمی نمبر ایک ٹینس پلیئر کی آسٹریلین اوپن میں شرکت خطرے میں پڑ گئی، آسٹریلین حکومت نے جوکووچ کا ویزہ ایک بار پھر منسوخ کر دیا۔

نواک جوکووچ چند روز قبل ہی آسٹریلین بارڈر فورس کے فیصلے کے خلاف قانونی جنگ جیتے تھے اور عدالت نے انہیں آسٹریلیا میں داخلے کی اجازت دی تھی۔ حکومتی وکیل کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے امیگریشن وزیر کے پاس اختیار ہے کہ وہ نواک جوکووچ کا ویزہ دوبارہ منسوخ کر سکتے ہیں۔

آسٹریلیا کے امیگریشن وزیر نے آج خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سربین ٹینس اسٹار کا ویزہ منسوخ کرتے ہوئے ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

6 جنوری کو جوکووچ آسٹریلین اوپن میں شرکت کے لیے آسٹریلیا پہنچے تھے تاہم بارڈر سکیورٹی فورس نے کورونا پروٹوکول کی خلاف ورزی پر انہیں حراست میں لے لیا تھا۔