Sunday, September 8, 2024

آسٹریلیا جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے ہرا کر ورلڈکپ فائنل میں پہنچ گیا

آسٹریلیا جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے ہرا کر ورلڈکپ فائنل میں پہنچ گیا
November 16, 2023 ویب ڈیسک

احمد آباد (92 نیوز) - ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی ٹیم جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی، فائنل میں آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں اتوار کو احمد آباد میں مدمقابل ہوں گی۔

جنوبی افریقہ کا بھی ورلڈ کپ سے سفر تمام ہو گیا ،،، دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔

کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ مہنگا پڑا، آسٹریلوی باؤلرز کے سامنے ڈیوڈ ملر کے علاوہ کوئی بھی بیٹر جم کر بیٹنگ نہ کر سکا، جنوبی افریقہ کے پہلے 4 کھلاڑی صرف 24 رنز پر پویلین لوٹے۔

ڈیوڈ ملر اور ہینرچ کلاسن نے لڑکھڑاتی ہوئی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا، دونوں بیٹرز نے پانچویں وکٹ کیلئے 95 رنز کی شراکت داری قائم کی، ہینرچ کلاسن نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملر 116 گیندوں پر 101 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 212 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے 3،3  جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور ٹریوس ہیڈ نے 2،2  کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں آسٹریلیا کیلئے 213 رنز کا آسان ہدف بھی مشکل بن گیا، ٹریوس ہیڈ کے علاوہ آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن کا ٹاپ آرڈر مکمل فلاپ ہو گیا، آدھی ٹیم 137 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

ٹریوس ہیڈ نے 48 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔

آسٹریلیا نے 213 رنز کا ہدف 48 ویں اوور میں 7 وکٹوں پر حاصل کیا، اسٹیو اسمتھ 30، ڈیوڈ وارنر 29 اور جوش انگلیس 28 رنز بنا سکے، مچل اسٹارک 16 اور پیٹ کمنز 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی اور جیرالڈ کوٹزی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ورلڈ کپ کا فائنل آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان اتوار کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔