Sunday, September 8, 2024

آشیانہ اقبال ریفرنس: شہبازشریف، فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت تمام 10 ملزمان بری

آشیانہ اقبال ریفرنس: شہبازشریف، فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت تمام 10 ملزمان بری
November 18, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ پراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف، احد خان چیمہ اور فواد حسن فواد سمیت تمام 10 ملزمان کو بری کردیا گیا۔

آشیانہ اقبال ریفرنس میں شہباز شریف،احمد چیمہ اور دیگر کی بریت کی درخواستوں پر لاہور کی احتساب عدالت کے جج علی ذولقرنین اعوان نے کیس کا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے شریک ملزمان منیر ضیاء اور امتیاز حیدر، بلال قدوائی، سجاد بھٹہ اور شاہد محمود کی بریت کی درخواست بھی منظورکرلی۔ نیب پراسیکیوشن نے اٹارنی جنرل کی مشاورت سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تشریح احتساب عدالت میں جمع کرائی تھی، جس میں کہا تھا کہ آشیانہ اقبال ان کیسز میں سے ہے جن کا فیصلہ سنانے سے سپریم کورٹ نے منع نہیں کیا۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ حکم ان کیسزسےمتعلق ہے جو عدالتوں سے نیب کو واپس بھجوائے گئے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ان کیسزکو واپس عدالتوں میں بحال کیا گیا، سپریم کورٹ کا فیصلہ موجودہ کیس پر اثرانداز نہیں ہوتا۔

میڈیا سے بات چیت میں احد چیمہ نے کہا کہ ہمارے اوپر مسلسل وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے دباؤ تھا مگر یہ دباؤ قبول نہیں کیا۔

عدالت نے نیب حکام سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تشریح اور وضاحت مانگی تھی اور بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا۔

شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس 2018ء میں دائر کیا گیا تھا جس میں بیورو کریٹس بھی نامزد تھے۔