Friday, March 29, 2024

آصف زرداری کی تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی

آصف زرداری کی تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی
February 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) آصف زرداری نے تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد لانے کے معاملے پر اپوزیشن جماعتیں متحرک ہو گئیں۔ ملکر عدم اعتماد کی تحریک لانے کیلئے رابطے شروع کر دیئے۔

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف علی زرادری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف علی زرادری کی خیریت دریافت کی اور انکی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

ذرائع کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں میں سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ عدم اعتماد کے معاملے پر پوری اپوزیشن کے ساتھ ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اتحادیوں سے بھی جلد رابطے کریں گے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اگر اپوزیشن تحریک لانا چاہتے ہیں تو بالکل لائیں، ہم ان کا آئینی اور پارلیمانی انداز سے بھرپور مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے بارہا کوششیں کیں لیکن انہیں پے در پے ناکامیاں ہوئیں۔ تحریک انصاف کے تمام ممبران ڈٹ کر اپنے قائد اور کپتان کا دفاع کریں گے۔