Saturday, April 27, 2024

آصف زرداری کی سراج الحق سے ملاقات، تحریک عدم اعتماد پر حمایت مانگ لی

آصف زرداری کی سراج الحق سے ملاقات، تحریک عدم اعتماد پر حمایت مانگ لی
February 24, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) سابق صدر آصف زرداری تحریک عدم اعتماد میں حمایت حاصل کرنے کے لیے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کیلئے منصورہ پہنچ گئے، دونوں رہنماؤں میں سیاسی صورتحال پر ایک گھنٹے سے زائد گفتگو ہوئی۔

حکومت مخالف تحریک عدم اعتماد رابطوں میں تیزی آئی تو پارلیمنٹ میں جماعت اسلامی کا ایک ووٹ بھی اہمیت اختیار کر گیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری منصورہ میں سراج الحق سے ملاقات کرنے پہنچ گئے، آصف علی زرداری کا استقبال امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، لیاقت بلوچ، فرید پراچہ، امیر العظیم اور قیصرشریف نے کیا۔

آصف زرادری نے سراج الحق سے تحریک عدم اعتماد پر حمایت مانگ لی، بولے ہمارے نمبر پورے ہیں، آپ کا تعاون درکار ہے۔ وزیر اعظم کو ہٹانے کے بعد انتخابی اصلاحات پر کام ہو گا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ معاملہ مجلس شوریٰ کے سامنے رکھوں گا جو بھی فیصلہ ہوا آپ کو آگاہ کریں گے۔

رہنما پیپلزپارٹی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت کو چلتا کرنے کے لئے ساری جماعتیں ساتھ چلیں، اس مقصد کے لیے لائحہ عمل تیار ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنماء لیاقت بلوچ نے کہا کہ مشاورت کے لیے مجلس شوریٰ کا اجلاس بلا لیا۔

جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری وکٹری کا نشان بناتے ہوئے واپس روانہ ہوگئے۔

پارلیمنٹ میں جماعت اسلامی کی نمائندگی ایم این اے عبدالاکبرچترالی کررہے ہیں۔