Friday, April 26, 2024

آرمی ہیلی کاپٹروں نے اب تک 4 ہزار 659 سیلاب متاثرین کو ریسکیو کیا، این ایف آر سی سی

آرمی ہیلی کاپٹروں نے اب تک 4 ہزار 659 سیلاب متاثرین کو ریسکیو کیا، این ایف آر سی سی
October 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد جاری ہے، آرمی ہیلی کاپٹروں نے اب تک 4 ہزار 659 افراد کو ریسکیو کیا، 300 سے زائد میڈیکل کیمپوں میں 6 لاکھ، 20 ہزار افراد کا علاج کیا جاچکا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں بنیادی ڈھانچے کا مزید کوئی نقصان سامنے نہیں آیا، نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈی نیشن سینٹر سے جاری اعلامئے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 1521 افراد کو ریسکیو کیا گیا، پاک فضائیہ کے 3 سینٹرل ایوی ایشن مراکز امدادی کاموں کیلئے وقف ہیں، پاک فضائیہ نے 6593 خیمے،6 لاکھ 39 ہزار 631 کھانے کے پیکٹ تقسیم کیئے گئے، پاک فضائیہ کی ٹیموں نے 4 ہزار 78 ٹن راشن بھي متاثرين ميں تقسيم کيا،2 لاکھ 89 ہزار 193 لیٹر پینے کا صاف پانی بھی تقسیم کیا۔

پاک فضائیہ کے میڈیکل کیمپوں میں 74 ہزار 448 مریضوں کا علاج کیا گیا، پاک فضائیہ کي 20 خیمہ بستیوں میں 19 ہزار 807 افراد مقیم ہیں،پاک بحریہ نے 1886 ٹن راشن، 6839 خیمے اور پینے کا صاف پانی تقسیم کیا،پاک بحریہ کی 22 خیمہ بستیوں میں 25 ہزار 673 افراد رہائش پذیر ہیں۔

پاک بحریہ کی 23 ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے 15 ہزار 568 افراد کو بچایا، ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں 54 موٹرائزڈ بوٹس اور 2 ہوور کرافٹوں سے لیس ہیں، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے راشن کے 5333 پیکٹ متاثرین میں تقسیم کئے گئے، بحریہ کے 90 میڈیکل کیمپس میں ایک لاکھ 6 ہزار 801 مریضوں کا علاج کیا گیا۔