Saturday, April 20, 2024

آرمی چیف سے سفیر یورپی یونین کی ملاقات، علاقائی سلامتی صورتحال پر گفتگو

آرمی چیف سے سفیر یورپی یونین کی ملاقات، علاقائی سلامتی صورتحال پر گفتگو
September 20, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعاون پر گفتگو کی گئی۔

 یورپین یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے پاکستان میں جاری سیلاب کی تباہ کاریوں پر دکھ کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر رینا نے سیلاب متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

سفیر یورپین یونین نے پاکستانی عوام کے لیے مکمل تعاون کی پیشکش کردی، سیلاب متاثرہ علاقوں میں امداد و بچاؤ کی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی مدد پر پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا۔

یورپین یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا نے پاک، یورپی یونین تعلقات میں مزید وسعت کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یورپین یونین کی حمایت کا شکریہ ادا کیا، کہا کہ عالمی شراکت داروں کی مدد متاثرین کے بچاؤ اور بحالی میں اہم ہوگی۔