Saturday, May 18, 2024

آرمی چیف سے امریکی وزیردفاع کا رابطہ، دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر گفتگو

آرمی چیف سے امریکی وزیردفاع کا رابطہ، دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر گفتگو
September 10, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی وزیردفاع کا رابطہ ہوا، آئی ایس پی آر کے مطابق گفتگو میں دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ 

امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا، سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں کو سراہا، تعاون بڑھانے کا عزم دہرایا۔

قبل ازیں آرمی چیف سے یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور کی ملاقات بھی ہوئی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور انسانی ہمدردی کے اقدامات میں تعاون، شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

منتظم نے پاکستان میں جاری سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے پاکستانی عوام کو مکمل تعاون کی پیشکش کی۔

انہوں نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ اور سیلاب سے متاثرہ آبادی کی مدد کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو بھی سراہا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکا کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا عالمی شراکت داروں کی مدد متاثرین کی بحالی میں کلیدی ہو گی۔