Friday, March 29, 2024

آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس، خارجہ، داخلی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی

آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس، خارجہ، داخلی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی
September 28, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز میں 251 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس کی صدارت کی۔ فورم کو خارجہ اور داخلی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ملک بھر میں سیلابی صورتحال، آرمی فارمیشنز کی امدادی سرگرمیوں پر غور کیا گیا۔ آرمی چیف نے مصیبت میں گھرے افراد کی مدد، تکالیف کم کرنے کے لیے فارمیشنز کے کام کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے پاک آرمی کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں کاوشوں کو سراہا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا سیلاب متاثرہ علاقوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کلیدی ہیں۔ متاثرین بالخصوص بچوں، خواتین کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی قابل ستائش ہے۔ سپہ سالار نے ہنگامی بنیادوں پر اہم راستوں، مواصلاتی ڈھانچے تک رسائی کی بحالی کو بھی سراہا۔ آرمی چیف نے راستوں کی بحالی میں آرمی انجینئرز، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے کام کی تعریف کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا امداد، بحالی، تعمیر نو پر توجہ دیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی بحال کرنے میں مدد کی جائے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے فورم نے دفاعی، تذویراتی سلامتی کے ماحول کا جامع جائزہ لیا۔ سرحدی صورتحال، داخلی سلامتی، فوج کے پیشہ ورانہ امور پر توجہ مرکوز کی گئی۔ فورم نے عزم کیا کہ پھر سے بڑھتی دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے فارمیشنز کو ہدایت کی کہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہیں۔