Friday, March 29, 2024

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس، فورم کو اہم عالمی، علاقائی امور پر بریفنگ دی گئی

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس، فورم کو اہم عالمی، علاقائی امور پر بریفنگ دی گئی
March 15, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ فورم کو اہم عالمی، علاقائی امور، داخلی سلامتی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مغربی سرحدی انتظام میں پیشرفت بھی تفصیلی بریفنگ کا حصہ تھی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کامیاب انسداد دہشتگردی آپریشنز کو سراہا۔ فورم نے ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ناگزیر اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کور کمانڈرز نے کہا بھارتی غلطی کے اعتراف کے باوجود، عالمی فورمز واقعہ کا سنجیدگی سے جائزہ لیں۔ بھارتی سٹریٹجک اثاثوں کے تحفظ اور حفاظتی پروٹوکول کی جانچ اہم ہے۔ ایسے خطرناک واقعات کسی بڑے سانحے کا محرک ہو سکتے ہیں۔ ایسے واقعات علاقائی امن اور تذویراتی استحکام کو شدید خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

آرمی چیف نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا او آئی سی وزارتی کونسل اجلاس اور یوم پاکستان پریڈ کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔ او آئی سی اجلاس اور پریڈ کے لیے جامع حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔