اسلام آباد (92 نیوز) – صدرِمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک فوج میں اہم تقرریوں کی سمری پر دستخط کردیئے، نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
جنرل عاصم منیر آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ہوں گے۔ جنرل عاصم منیر ستائیس نومبر، جب کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا ستائیس نومبر کو عہدہ سنبھالیں گے۔
نامزد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی صدرمملکت سے ملاقات ہوئی، صدر نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اپنے عزم کو دہرایا۔
نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی بھی ایوان صدر آمد ہوئی، جنرل عاصم منیر کی صدر عارف علوی سے ملاقات ہوئی۔ صدر نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف تعنیات ہونے پر مبارکباد دی۔ جنرل عاصم منیر نے صدر کا شکریہ ادا کیا، افواج پاکستان کے پیشہ ورانہ امور پر بھی ملاقات میں تبادلہ خیال کیا۔