Friday, March 29, 2024

آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہو گی، شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ملاقات میں اتفاق

آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہو گی، شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ملاقات میں اتفاق
November 12, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ملاقات میں اتفاق ہو گیا کہ آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہو گی۔

لندن میں ن لیگ کے 2 بڑوں کی بڑی ملاقات ہوئی جس میں آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ن لیگ کے قائد نوازشریف سے 3 دن میں پانچویں ملاقات کی جس میں مریم نواز اور سلیمان شہباز بھی شریک ہوئے۔

ملاقات کے بعد وزیراعظم وطن واپسی کیلئے روانہ ہونے لگے تو صحافیوں نے سوالوں کی بوچھاڑ کر دی۔ اس موقع پر وزیراعظم میاں شہباز شریف نے صرف یہ کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئین کے مطابق ہی ہو گی۔

دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ  ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر کی جائے گی اور پاک فوج کے سینئر ترین افسر کو ہی سپہ سالار بنایا جائے گا۔

ایون فیلڈ کے باہر موجود صحافیوں نے میاں نوازشریف سے سفارتی پاسپورٹ ملنے اور پاکستان واپسی کے حوالے سےسوال کیا لیکن وہ مریم نواز کے ہمراہ بغیر کوئی جواب دئیے خاموشی سے چلے گئے ۔