Saturday, April 20, 2024

آرمی چیف کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بریفنگ

آرمی چیف کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بریفنگ
April 12, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 79 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز، تمام فارمیشن کمانڈرز کی شرکت ہوئی۔ شرکاء کو پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو روایتی، غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے اٹھائے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں، ردعمل کے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ، تمام حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا مکمل دفاع کیا جائے گا۔ فورم نے پاک فوج کو بدنام کرنے اور  معاشرے کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی حالیہ پروپیگنڈہ مہم کا نوٹس لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت کے قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی کے کے لیے موقف پر  کانفرنس کے شرکاء نے  مکمل  اعتماد کا اظہار کیا۔ فورم نے اس عزم کا اظہارکیا کہ پاک فوج قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔