راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے لسبیلہ کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے لال گل گوٹھ میں بدترین سیلاب میں گھروں سے محروم ہونے والے متاثرہ افراد کیلئے تعمیر کردہ گاؤں کا افتتاح کیا، حالیہ سیلاب میں لال گل گوٹھ گائوں بری طرح متاثر اور مکینوں کے گھراورسامان تباہ جب کہ مویشی ہلاک ہو گئے تھے۔
متاثرہ گاؤں میں ایک پرائمری اسکول تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ آف گرڈ شمسی توانائی اور ایک ٹیوب ویل بھی نصب کیا گیا ہے، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے اس منصوبے کو ریکارڈ وقت میں مکمل کیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل کمال اظفر نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لال گل گوٹھ میں نئے تعمیر شدہ پرائمری اسکول کے اساتذہ اور طلباء اور مقامی افراد سے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے کہا پاک فوج وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شروع کئے جانے والے بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی۔ اس موقع پر اعلیٰ سول اور ملٹری حکام بھی موجود تھے۔
اس کے بعد آرمی چیف کوئٹہ کور، ایف ڈبلیو او، فرنٹیئر کور بلوچستان اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے جوانوں اور افسروں سے بھی ملے۔