لاہور (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا۔ لاہور گیریژن انسٹی ٹیوٹ فار اسپیشل ایجوکیشن اور جدید ترین ہاکی ایرینا کا افتتاح بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خصوصی بچوں کے لیے مختلف اسکولوں کی سہولیات کا جائزہ لیا، جدید ترین ہاکی ایرینا کے افتتاح کے موقع پر ہاکی کے تجربہ کار لیجنڈز سے بات چیت کی۔
اس موقع پر سپہ سالار نے کہا پاکستان کے نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں اور ان کو کھیلوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ایسی سہولیات ضروری ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور کور اور پاکستان رینجرز پنجاب کے افسران اور جوانوں سے الوداعی خطاب میں تمام تر مشکلات کے باوجود ڈیوٹی کی لائن میں قوم کے لیے خدمات کے لیے فوجیوں کی تعریف کی، مادر وطن کے دفاع کے لیے ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہا۔
قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سلمان فیاض غنی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔