Thursday, April 25, 2024

آرمی چیف کا فوجی فاؤنڈیشن کا دورہ، صحت سے متعلق مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا

آرمی چیف کا فوجی فاؤنڈیشن کا دورہ، صحت سے متعلق مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا
November 27, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی فاؤنڈیشن کا دورہ کیا اور صحت سے متعلق مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  کے الوداعی دورے جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی فاؤنڈیشن کے دورے کے دوران آرمی چیف کو نئے تعمیر شدہ منصوبوں کے بارے میں بریف کیا گیا جس میں مصنوعی اعضاء مرکز کی جدید ترین سہولت بھی شامل ہے، جہاں مصنوعی اعضاء لگانے کے امور سرانجام دیئے جاتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو فاؤنڈیشن یونیورسٹی نرسنگ کالج بارے بتایا گیا جہاں تین سو چھیانوے طلباء کو تدریس کی سہولت دستیاب ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے تعمیر شدہ نیو ایسٹ رج اسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں پرائیویٹ مریضوں کیلئے 40 کلینک اور 146 بستروں کی سہولت موجود ہے۔ فوجی فاؤنڈیشن ملک بھر میں ہر سال 15 لاکھ سے زیادہ مریضوں کا علاج اور طبی سہولیات فراہم کرتی ہے۔

آرمی چیف نے فوجی فاؤنڈیشن کے امور کار اور کردار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائونڈیشن سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو ملازمت کے مواقع اور صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ملک بھر میں بڑی تعداد میں پرائیویٹ مریضوں کی دیکھ بھال بھی کرتی ہے۔