راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ گوٹھ صدوری، لاکھڑا، لسبیلہ میں قائم فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپ گئے۔
سپہ سالار نے سیلاب سے متاثرہ مقامی لوگوں کی خیریت دریافت کی، امدادی کارروائیوں میں مصروف فوجیوں سے بھی ملاقات کی۔
سپہ سالار نے مصیبت میں گھرے افراد کو خدمات کی فراہمی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچاؤ، امداد، بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد، بحالی کے لیے سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت کی جائے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا ہمارے ملک کے لوگوں کا تحفظ، بہبود سب سے زیادہ مقدم ہے، چاہے کتنی ہی محنت درکار ہو، جب تک ہر اک سیلاب متاثرہ تک نہ پہنچے، بحالی نہ ہو جائے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ حکم کا انتظار کیے بغیر اپنے ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں تک پہنچیں، ہمیں قدرتی آفت پر قابو پانے میں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنی چاہیے۔