راولپنڈی (92 نیوز) – آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے الوداعی دوروں کا سلسلہ جاری ہے، آرمی چیف نے آرمی میڈیکل کور کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر بھی آرمی چیف کے ہمراہ موجود تھیں۔
آرمی چیف نے مسلح افواج کے پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ کے نئے تربیتی بلاک کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ آرمی چیف نے جوانوں کے لیے تعمیر کردہ نئے گیسٹ رومز کا بھی معائنہ کیا۔ آرمی چیف نئے قائم کردہ مددگار مرکز، جدید سہولیات سے آراستہ مسلح افواج ادارہ برائے امراض قلب بھی گئے۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ میڈیکل کور کے ڈاکٹرز، صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی کام سے لگن دیدنی ہے۔ صحت کی دیکھ بھال کے لیے ادارہ جاتی بہتری اور جدید ڈھانچہ سازی قابل تعریف ہے۔ فوجیوں، خاندانوں کے لیے معیاری صحت کی سیکھ بھال فوج کے فلاحی نظام کی بنیادی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک افواج کے افسران اور جوانوں کی بہتر صحت ان کے بلند عزم و حوصلے کے لیے ناگزیر ہے۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے سی ایم ایچ پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ان کا خیرمقدم کیا۔
اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی میڈیکل کور کے مختلف اداروں کا دورہ بھی کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی کی سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر بھی دورے میں ہمراہ تھیں۔ آرمی چیف نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال راولپنڈی کا بھی دورہ کیا۔ کمانڈنٹ سی ایم ایچ میجر جنرل محمد محسن قریشی نے انہیں جدید ترین طبی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔
آئی ایس آئی پی آر کے مطابق آرمی چیف کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ مریضوں کی دیکھ بھال ہسپتال انتظامیہ کی توجہ کا مرکز ہے، سویلین ودیگر مریضوں کی سہولت کیلئے خصوصی کاﺅنٹر بھی قائم کئے گئے ہیں، مریضوں کو دوستانہ ماحول فراہم کرنے، اٹینڈنٹ کیلئے متعلقہ سہولیات فراہم کرنے کی کاوشیں جاری ہیں۔
آرمی چیف کو اکیڈمک سنٹر میں لائیو سرجری کے ذریعے ڈاکٹرز کی تربیت کے لیے قائم کنٹرول روم بھی دکھایا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کنٹرول روم طلباء کو جراحی کے طریقہ کار کی بہتر تفہیم کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے مسلح افواج کے افسران جوانوں، ان کے اہل خانہ اور شہریوں کے لیے میڈیکل کور کی بہترین خدمات کو سراہا۔ آرمی چیف نے شہداء کے خاندانوں اور سابق فوجیوں کو باتعطل طبی سہولیات کی فراہمی کی تعریف کی۔