Thursday, September 29, 2022

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا تربت کا دورہ، بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا تربت کا دورہ، بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی
March 1, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تربت کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سرحدی انتظام کے اقدامات کو یقینی بنانے سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے فوجیوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ سپہ سالار نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تربت یونیورسٹی بھی گئے۔ آرمی چیف نے ضلع کیچ کے تمام طبقات کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے مقامی رہنماؤں، معززین، قبائلی عمائدین، طلباء، وکلاء، خواتین سے گفتگو کی۔ آرمی چیف نے کہا بلوچستان کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں۔ نوجوان اپنی تعلیم، صلاحیتیں بڑھانے کے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ نوجوان مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا حصہ بنیں۔ نوجوان علاقے کی سلامتی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔

 آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کا امن اور خوشحالی اولین ترجیح ہے۔ پاک فوج بلوچستان میں پرامن ماحول کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ سماجی و اقتصادی منصوبوں سے مقامی آبادی کو پرامن ماحول دستیاب ہو گا۔ بلوچستان کے عوام نے ترقی و استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ جامع قومی کاوشوں سے بلوچستان کی حقیقی صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے گا۔

قبل ازیں آرمی چیف کا تربت پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے خیرمقدم کیا۔