Monday, May 6, 2024

آزاد جموں و کشمیر پر بھارتی قیادت کے بیانات غیرذمہ دارانہ ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

آزاد جموں و کشمیر پر بھارتی قیادت کے بیانات غیرذمہ دارانہ ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر
December 3, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا، فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر میں اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملے۔ اس موقع پر آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال، فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے افسران، جوانوں سے بات چیت کی، انہوں نے کٹھن حالات میں فرائض کی انجام دہی، بلند حوصلے، پیشہ ورانہ قابلیت اور جنگی تیاریوں کو سراہا۔

سپہ سالار نے کہا کہ حال ہی میں گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر پر بھارتی قیادت کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات دیکھے ہیں۔ واضح کر دوں، پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ بھارتی ریاست اپنے مذموم عزائم کبھی حاصل نہیں کر سکے گی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دنیا انصاف یقینی بنائے، اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں سے کیے وعدے پورے کیے جائیں۔

قبل ازیں آرمی چیف کے پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز نے استقبال کیا۔