Friday, April 26, 2024

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور انکے خاندان کے اثاثوں سے متعلق تفصیلات گُمراہ کُن، آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور انکے خاندان کے اثاثوں سے متعلق تفصیلات گُمراہ کُن، آئی ایس پی آر
November 27, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) – ترجمان پاک فوج نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کے خاندان کے اثاثوں سے متعلق تفصیلات کو گُمراہ کُن قرار دے دیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خِلاف مَذمُوم مُہم پر آئی ایس پی آر نے اپنا ردِعمل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور اِن کی فیملی کے اَثاثوں سے متعلق سوشل مِیڈیا پر گُمراہ کُن اعداد وشمار شیئر کیے گئے ہیں۔ یہ گُمراہ کُن اعداد و شمار مَفروضوں کی بنیاد پر بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک خاص گروپ نے نہایت چالاکی اور مکمل بددیانتی کے ساتھ جنرل باجوہ کی بَہُو کے والد اور فیملی کے اثاثوں کو آرمی چیف اور خاندان سے منسوب کیا ہے۔ یہ سراسر غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ یہ اثاثے آرمی چیف جنرل باجوہ کے 6 سالہ دور میں اِن کے سمدھی کی فیملی نے بنائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ قطعی طُور پر حقائق کے مُنافی، کُھلا جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، اِن کی اہلیہ اور خاندان کا ہر اثاثہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں باقاعدہ ڈِکلیئرڈ ہے۔ آرمی چیف اور اِن کا خاندان باقاعدگی سے ٹیکس رِیٹرن فائل کرتے ہیں۔