Saturday, July 27, 2024

آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے 2 ٹن امدادی سامان سیلاب متاثرین تک پہنچایا

آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے 2 ٹن امدادی سامان سیلاب متاثرین تک پہنچایا
September 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سیلاب متاثرین کی بحالی اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ٹن امدادی سامان سیلاب متاثرین تک پہنچایا۔

سیلاب زدہ علاقوں میں بری، بحری اور پاک فضائیہ کے امدادی آپریشن جاری ہیں۔ نییشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینشن سنٹر کے مطابق پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے محصور افراد کو نکالنے کے لیے 619 پروازیں کیں۔ اب تک ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 4 ہزار 659 سیلاب میں گھرے افراد کا انخلاء کیا گیا۔ ریلیف کیمپس اور امدادی اشیاء جمع کرنے کے پوائنٹس مکمل فعال ہیں۔

پاک بحریہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 4 فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن سینٹرز، 18 مرکزی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے ہیں۔مختلف اضلاع میں 1758 ٹن راشن، 6 ہزار 407 خیمے، 7 لاکھ 27 ہزار 848 لیٹر صاف پانی تقسیم کیا گیا۔ پاک بحریہ نے 19 خیمہ بستیاں قائم کیں جہاں 23 ہزار 867 افراد رہائش پذیر ہیں۔

پاک فضائیہ نے 3 ہزار 389 ٹن راشن، 2 لاکھ 85 ہزار 358 لٹر پینے کا صاف پانی تقسیم کیا۔ 70 ہزار 608 مریضو ں کا مفت علاج کیا گیا جبکہ 20 خیمہ بستیوں میں 19 ہزار 807 افراد رہائش پذیر ہیں۔ پاک فضائیہ نے 54 ریلیف کیمپس بھی قائم کیے ہیں۔

این ایف آر سی سی کا مزید کہنا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں کل 13 ہزار 74 کلومیٹر سڑکیں، 392 پل تباہ ہوئے ہیں۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں بیشتر بالائی علاقوں میں موسم ابر آلود رہنے، تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔