Friday, March 29, 2024

آپ کا خط یکطرفہ، پی ٹی آئی کی پریس ریلیز لگتا ہے، وزیراعظم کا صدر کو جوابی خط

آپ کا خط یکطرفہ، پی ٹی آئی کی پریس ریلیز لگتا ہے، وزیراعظم کا صدر کو جوابی خط
March 26, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہبازشریف نے صدرمملکت کو جوابی خط لکھ دیا، کہا آپ کا خط یکطرفہ، حکومت مخالف سوچ اور پی ٹی آئی کی پریس ریلیز لگتا ہے۔ 

وزیراعظم شہبازشریف نے جوابی خط میں کہاہے کہ آپ کا خط تحریک انصاف کا پریس ریلیز دکھائی دیتا ہے، آپ کا خط صدر کے آئینی منصب کا آئینہ دار نہیں۔آپ مسلسل یہی کررہے ہیں۔ وفاقی حکومت کے انتظامی اختیار کو استعمال کرنے میں وزیراعظم صدر کی مشاورت کا پابند نہیں۔ آپ حکومت کیخلاف فعال انداز میں کام کرتے آرہے ہیں۔ میں نے آپ کے ساتھ اچھا ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے کی پوری کوشش کی۔ آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آئینی طور پر منتخب حکومت کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ آپ کا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا حوالہ ایک جماعت کے سیاستدانوں کارکنوں کے حوالے سے ہے۔ اداروں نے ریاستی عملداری کیلئے قانون، امن عامہ کے نفاذ کے مطلوبہ ضابطوں پر عمل کیا، تمام افراد نے قانون کے مطابق دادرسی کے مطلوبہ فورمز سے رجوع کیا۔۔آپ نے نجی و سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ، افراتفری پیدا کرنے کی کوششوں کو نظرانداز کردیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ۔الیکشن کمشن نے 8 اکتوبر2023 کو پنجاب میں انتخابات کرانے کی تاریخ دی ہے۔۔تمام وفاقی اور صوبائی اداروں نے متعلقہ اطلاعات الیکشن کمشن کو مہیا کی ہیں۔۔الیکشن کرانے کی ذمہ داری آئین نے الیکشن کمشن کو سونپی ہے۔۔الیکشن کمشن نے طے کرنا ہے کہ شفاف و آزادانہ انتخاب کرانے کے لئے آرٹیکل 218 تین کے تحت سازگار ماحول موجود ہے۔

3 اپریل 2022 کو آپ نے قومی اسمبلی تحلیل کرکے سابق وزیراعظم کی غیرآئینی ہدایت پر عمل کیا، قومی اسمبلی کی تحلیل کے آپ کے حکم کو سپریم کورٹ نے 7، اپریل کو غیرآئینی قرار دیا۔ بطور وزیراعظم میرے حلف میں بھی آپ آئینی فرض نبھانے میں ناکام ہوئے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ۔۔صدر اور وزیراعظم کے درمیان مشاورت کی آپ کی بات درست نہیں۔۔آئین کے آرٹیکل 48 کلاز وَن کے تحت صدر کابینہ یا وزیراعظم کی ایڈوائس کے مطابق کام کرنے کا پابند ہے۔ صدر کو مطلع رکھنے کی حد تک اس کا اطلاق ہے۔ آئین کی مکمل پاسداری، پاسبانی اور دفاع کے عہد پر کاربند ہیں۔