Tuesday, May 7, 2024

آپ الیکشن کی تاریخ مانگتے ہیں، لکھ لیں اگست 2023، مریم اورنگزیب

آپ الیکشن کی تاریخ مانگتے ہیں، لکھ لیں اگست 2023، مریم اورنگزیب
May 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیرِاطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ الیکشن کی تاریخ مانگتے ہیں، میں آج آپ کو الیکشن کی تاریخ دیتی ہوں، لکھ لیں اگست 2023۔

ہفتہ کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ اسلام آباد میں 20 لاکھ لوگ لانے کا دعویٰ کرتے تھے،20 ہزار ہی لے آتے، آپ کہتے ہیں پرامن احتجاج کی کال دی تھی، اگر احتجاج پرامن کرنا تھا تو اسلحہ اور ڈنڈے کیوں اکٹھے کیے گئے تھے، آپ کی تیاری اتنی ناقص تھی کہ ایف نائن کے پارک میں آپ جلسی بھی نہ کرسکے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان 4 سال تک کہاں تھے، ان کے پاس اقتدار تھا، عوام کی خدمت، ریلیف دے سکتے تھے، آج عوام ان سے سوال پوچھتی ہے کہ چار سال آپ نے عوام کیلئے کیا کیا؟ آج کہتے ہیں مجھے دو تہائی اکثریت چاہئے، کوئی منصوبہ عوام کو نہیں دے سکے، عمران خان اپنی ناکامی کا اعلان کرنے کیلئے روز ٹی وی پر آتے ہیں۔

وزیر اطلاعات بولیں کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے تمام جماعتوں نے احتجاج کئے لیکن کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچایا۔ آپ نے پچھلے دھرنے میں پی ٹی وی پر حملے کر کے مبارکبادیں دیں۔ سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ آپ اپنے لوگوں کو بلا کر خود ہیلی کاپٹر میں بیٹھے رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کو آپ نے توڑا، آپ نے صدر اور ڈپٹی اسپیکر سے آئین کی خلاف ورزیاں کروائیں، اسی آئین شکنی پر عدالتوں کے رات کو دروازے کھلے، سپریم کورٹ نے آئین شکنی کا بھی فیصلہ دیا، اگر آپ دھاوا بولیں گے، املاک کو نقصان پہنچائیں گے تو آپ کو احتجاج کا کوئی حق نہیں۔ آپ سو سال تیاری کریں یا جھوٹ بولیں اب عوام آپ کے ساتھ نہیں ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ چار سال حکومت کر کے ناکام ہوئے، جھوٹ بولے، سیاسی مخالفین پر کوئی الزام ثابت نہیں کر سکے، پاکستان کی عوام اب آپ کے ساتھ نہیں، الیکشن اگست 2023ء میں ہوں گے، کان کھول کر سن لیں، آپ کی دھمکی میں کوئی نہیں آئے گا۔