Saturday, May 18, 2024

آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ کی میت بالمورل قلعہ میں موجود، لوگوں کا پھول رکھ کر اظہارِ عقیدت

آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ کی میت بالمورل قلعہ میں موجود، لوگوں کا پھول رکھ کر اظہارِ عقیدت
September 10, 2022 ویب ڈیسک

آبرڈین شائر (92 نیوز) - آنجہانی ملکہ برطانیہ کی میت اسکاٹ لینڈ کے بالمورل قلعہ میں موجود ہے، لوگ قلعہ کے باہر پھول رکھ کر ملکہ سے اپنی عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔ کئی آنکھیں ملکہ کے بچھڑنے پر نمناک ہیں۔

ملکہ الزبتھ کی میت اتوار کو بذریعہ سڑک ایڈنبرا کے چرچ میں لائی جائے گی جہاں عام دیدار کے بعد اسے بذریعہ جہاز لندن پہنچایا جائے گا۔

بالمورل قلعہ اسکاٹ لینڈ کے تیسرے بڑے شہر آبرڈین شائر کے نزدیک ایک دیہی علاقہ اور پُرفضا مقام ہے، یہ ملکہ کی پسندیدہ جگہ تھی جہاں وہ اکثر آیا کرتی تھی، اپنی زندگی کے آخری ایام بھی ملکہ الزبتھ نے بالمورل قلعہ میں ہی گزارے۔

عوامی رش کے پیش نظر پولیس اور انتظامیہ افسوس کے اظہار کیلئے قلعہ آنے والوں کو پاس جاری کررہی ہے، لوگوں کیلئے فری بس سروس بھی چلائی جارہی ہے، میڈیکل کیمپ بھی لگا دیا گیا ہے۔

آنجہانی ملکہ برطانیہ کا جسد خاکی اتوار کو بالمورل قلعہ سے لے جائے جانے کا امکان ہے، ملکہ کی میت مختلف سڑکوں سے ہوتے ہوئے ڈنڈی کے راستے ایڈنبرا پہنچائی جائے گی جہاں چرچ میں کچھ رسومات ادا کی جائیں گی اور متوقع طو پر اسکاٹش عوام کو آخری دیدار بھی کروایا جائے گا۔ دیدار کے بعد ملکہ الزبتھ کی میت کو شاہی طیارے کے ذریعے لندن منتقل کیا جائے گا۔