Sunday, September 8, 2024

آن لائن ایپلی کیشنز کے ذریعے پاکستانیوں سے اربوں روپے کے فراڈ کا انکشاف

آن لائن ایپلی کیشنز کے ذریعے پاکستانیوں سے اربوں روپے کے فراڈ کا انکشاف
January 7, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) آن لائن ایپلی کیشنز کے ذریعے پاکستانیوں سے اربوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہو گیا۔ رقم کرپٹو کرنسی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی گئی۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں سرمایہ کار کرپٹو میں پیسا لگا رہے ہیں۔ پاکستانی بھی اس جدید صنعت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں لیکن راتوں رات امیر ہونے کے چکر میں فراڈ بھی عام ہے۔ ایسا ہی کچھ ہوا جب پاکستانیوں کا کروڑوں روپیہ ڈوب گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق بھاری منافع کے لالچ میں ایم سی ایکس،ایچ ایف سی،ایچ ٹی فوکس،ایف ایکس کوپی،اوکی منی، بی بی زیروزیروون، اے وی جی 86 سی، بی ایکس 66، یو جی، ٹاسک ٹاک اور 91 ایف بی ایپلی کیشنز نے لوگوں سے پیسے بٹورے اور پھر ایپلی کیشنز بند کر دیں۔

بائننس ایکسچینج پر موجود 26 اکائونٹس بھی اس دھندے میں ملوث تھے جنہوں نے اپنے والٹس میں پیسے منگوائے۔ ایف آئی اے نے کمپنی کے پاکستان میں موجود منیجر سے ان اکائونٹس کی تفصیلات مانگ لی ہیں جبکہ ان کے پیسے بھی بلاک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایف آئی اے نے فراڈ اپیلی کیشنز سے منسلک پاکستانی بینک اکائونٹس بلاک کر دیئے ہیں جبکہ ان ایپلی کیشنز کی سوشل میڈیا پر تشہیر کرنے والوں کو بھی قانونی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

پاکستان میں کرپٹو کے غیر واضح قوانین کی وجہ سے لوگوں کو لوٹنا آسان ہے کیونکہ لوگوں کو یہ بھی معلوم ہی نہیں کون سی ایپ جعلی ہے یا نہیں۔ اسی طرح سوشل میڈیا پر ایپس کی تشہیر کے واضح قوانین بھی نہیں ہے۔ اس لئے پاکستانیوں کو مشورہ ہے کہ وہ اچھی طرح جانچ پڑتال کے بعد ہی سرمایہ کاری کا فیصلہ کریں۔