Friday, April 19, 2024

آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار نے سرنڈر کر دیا

آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار نے سرنڈر کر دیا
September 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 5 سال بعد سرنڈر کر دیا ۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار احتساب عدالت پہنچے تو وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا آپ اتنا عرصہ کہاں تھے؟ آپ کے وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست موصول ہوئی ہے۔

اسحاق ڈار نے عدالت کو بتایا کہ بیماری کی وجہ بیرون ملک گیا تھا، طبیعت خرابی کے باوجود واپس آنا چاہتا تھا مگر عمران خان حکومت نے پاسپورٹ منسوخ کر دیا اور دنیا بھر میں سفارتخانوں کو ڈائریکشن تھی کہ مجھے پاسپورٹ نہ دیا جائے۔ اب پاسپورٹ ملا ہے تو واپس آ کر عدالت کے سامنے حاضر ہو گیا ہوں۔

عدالت نے اسحاق ڈار کے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے کہا یہ درخواست بھی اثاثہ جات ریفرنس کے ساتھ ہی سنیں گے۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی ڈیل پر یقین نہیں رکھتے ۔ عمران خان حکومت نے اس ملک کا وہ برا حال کیا جو دشمن بھی نہیں کر سکتا۔ میرے خلاف جعلی کیسز بنائے گئے۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو پانامہ اور دیگر ڈراموں نے بہت نقصان پہنچایا۔ مجھے چوتھی مرتبہ عوام کی خدمت کے لیے چنا گیا ہے ۔