Friday, April 19, 2024

آخرت کیلئے زادرہ اختیار کرو، بہترین زادراہ تقویٰ ہے، خطبہ حج

آخرت کیلئے زادرہ اختیار کرو، بہترین زادراہ تقویٰ ہے، خطبہ حج
July 8, 2022 ویب ڈیسک

مکہ المکرمہ (92 نیوز) - ’’ لبیک اللھم لبیک ‘‘ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کردیا گیا۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے خطبہ حج ارشاد کیا۔

شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج کے دوران کہا آخرت کیلئے زادرہ اختیار کرو، بہترین زادراہ تقویٰ ہے۔ اے مسلمانو! آپس میں بھائی چارہ بڑھاؤ، آخرت کی کامیابی صرف اور صرف اللہ کو ایک ماننے میں ہے، یوم عرفہ کو اللہ نے فرمایا کہ آج کے دن تمہارا دین مکمل کردیا گیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا بہترین شخص وہ ہے جو دوسروں کو نفع پہنچائے۔

 ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے خطبہ حج میں ارشاد فرمایا کہ اے مسلمانو! اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو، اے لوگو! اللہ کی عبادت کرو کیونکہ اسی نے تمہیں پیدا کیا، ہر نبی نے لوگوں کو اللہ کی وحدانیت اورتوحید کا درس دیا۔ جب کسی کو تکلیف پہنچتی ہے تو اسے دور کرنے والی ذات اللہ تعالیٰ کی ہے۔

خطبہ حج میں کہا کہ اللہ کی توحید اور آقاصلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت کا اقرار کامیابی کی کنجی ہے۔ خیرات کے ذریعے اللہ کا قرب حاصل کرو، لوگوں کے ساتھ اچھی بات کرو یہ آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔ ہر وہ کام چھوڑ دو جو نفرت والا ہے، آپس میں بھائی چارہ پیدا کرو، آپ کی مصیبت اللہ کے سوا کوئی دور نہیں کرسکتا۔ نیکی کرنے میں ہمیشہ جلدی کرو، اللہ رب العزت کہتا ہے مجھ سے دعا کرو میں دعائیں قبول کرتا ہوں۔